دیرپائن: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران پارٹیوں نے سیاست کو شطرنج کا کھیل بنایا ہے، الیکشن میں ان کی کامیابی عوام کی ناکامی ہو گی۔ سابقہ حکمرانوں نے قانون کی بجائے اپنی بادشاہتیں قائم کیں، اب یہ دوبارہ انہی خواہشات کی تکمیل کے لیے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا نے نااہل حکمرانوں کے چہروں سے نقاب اتار دیے ہیں، قوم 8 فروری کو سٹیٹس کو کے خاتمے کے لیے ووٹ کرے گی، ترازو امن، انصاف اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں عوامی اجتماعات اور مدرسہ حیاة المسملین تیمرگرہ میں تقریب تکمیل بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب اور سابق تحصیل ناظم ہمایوں خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قوم کو قرضوں کی زنجیروں میں باندھا، یہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک سے قرضے لائے اور اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا، ادائیگی کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی معیشت کی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری میں برابر کی شریک ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کیا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے ان پر مسلط کرپٹ طبقات سے جان چھڑانے کا بہترین موقع 8 فروری کا دن ہو گا۔ جماعت اسلامی کا درینہ موقف ہے کہ ملک میں جمہور کی بالادستی قائم ہو، عدالتیں چہروں کی بجائے میرٹ دیکھ کر فیصلے کریں، امیر اور غریب کے لیے یکساں قانون ہو، انھیں تعلیم اور صحت کی بھی تمام سہولتیں برابری کی بنیاد پر میسر ہوں، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پڑھے لکھے، ایماندار اور اکثریت میں نوجوانوں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں جو عوام کے حقیقی نمائندگان ہیں، قوم سے اپیل ہے کہ وہ 8 فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہارکر کے فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرے۔