ہم ڈرنے یاجھکنے والے نہیں،لاہور بھٹو کا ہے اورہمیشہ رہے گا،بلاول بھٹو

لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات سے بھاگنا مسلم لیگ( ن) کی عادت بن چکی ہے، (ن )لیگ چاہے یا نہ چاہے انتخابات 8فروری کو ہر صورت ہوں گے ، ہم پیچھے ہٹنے، گھبرانے، جھکنے اور ڈرنے والے نہیں۔ہم سب مل کر دن رات محنت کریں گے، عوام کی آواز بنیں گے۔لاہور کے حلقہ این اے 127 میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سنا تھا این اے 127 میں ن لیگ کا راج ہے لیکن وہ یہاں نظر ہی نہیں آ رہے، این اے 127 پر پی ٹی آئی بھی نظر نہیں آ رہی۔ عوام اب ن لیگ والوں کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے اتحاد اور ہم آہنگی کے پیغام پر عملدرآمد کے لیے پراعتماد ہیں اور پارٹی اس کی شروعات این اے 127 سے کرے گی۔ ہمیں پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے کام کرنے کے لیے تنازعات کو اپنے اندر دفن کرنا ہوگا اور ’تیر‘ اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خاطر جدوجہد کرنا ہوگی، تاکہ دنیا کو دکھا سکیں کہ لاہور، بھٹو کا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاست دان اور سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے، ہم دس نکاتی عوامی معاشی معاہدے سےغربت، مہنگائی اور بےروزگاری کا مقابلہ کریں گے۔اگر وزیر اعظم بنا تو تنخواہیں دگنی، پنجاب میں مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے، پیپلز پارٹی فتح یاب ہو کر عوام کی تقدیر بدل دے گی۔بلاول نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی منشور گھر گھر پہنچانے کا کام کریں اور لاہور کو بتائیں کہ پیپلزپارٹی میدان میں اتر چکی ہے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے این اے 127سے اپنے انتخابی پینل کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ این اے 127 سے میں خودامیدوار ہوں، جبکہ پی پی 157 سے عدنان گورسی،پی پی 160 سے میاں مصباح الرحمن، پی پی 161 فیصل میر، پی پی 162 سے منظر عباس کھوکھر، اور پی پی 163 سے فیاض بھٹی پیپلز پارٹی امیدوار ہوں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پارٹی آج فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، مقامی قیادت نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔مزید برآں چیئرمین بلاول نے پنجاب کے صنعتکاروں، تاجررہنمائوں اور کاروباری طبقہ کے نمائندوں نے ملاقات کی،چیئرمین نے انکے سامنے اپنا معاشی پلان رکھ دیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ایس ایم تنویر ، عاطف اکرام شیخ ، امان پراچہ، ذکی اعجاز، عبدالمہیمن خان ، میاں ادریس ، شیخ نبیل ،ایس ایم عمران، کاشف انور ، فریحہ یونس، ہارون اروڑا ،ڈاکٹر شاہد رضا ،طیب اعجاز ،پیر نظام حسین ،عامر عطا باجوہ و دیگر شامل تھے ۔دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے بھی تفصیلی ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان ، برطانیہ تعلقات و معیشت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جلسہ سے صدر پی پی پی لاہور اسلم گل،میاں مصباح الرحمٰن، عدنان گورسی،فیصل میر ،منظر عباس کھوکھر،فیاض بھٹی نے بھی خطاب کیا ۔