لکی مروت میں 11 افراد کا قتل، درج مقدمے میں اہم انکشافات

لکی مروت (اُمت نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پیش آئے سانحہ تختی خیل کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

گزشتہ روز تختی خیل میں گھر سے خاندان کے 11 افراد کی لاشیں ملی تھیں، جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے جنہیں نیند میں سر پر وار کر کے قتل کیا گیا تھا۔

مقتولین عملدار اور تابعدار کے چچا عمر گل کی مدعیت میں درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق تمام قتل مقتول عملدار کے رشتہ دار مدر خان نے کئے ہیں۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ ملزم مدر خان کی بہو ناراض ہو کر میکے رہ رہی تھی، جس کا قاتل کو رنج تھا۔

رپورٹ کے مطابق مدر خان رات گزارنے عملدار کے گھر مہمان بن کر آیا تھا، رات کو خوابیدہ حالت میں مدر خان نے اپنی بہو سمیت تمام رشتہ داروں کو قتل کیا۔

پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے قاتل کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔