سندھ(اُمت نیوز)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے متاثرین کو مفت موٹر سائیکل اور موبائل فون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز گورنر ہاؤس سندھ میں لاعلاج مرض میں مبتلا بچوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ نئی بائیک اور موبائل فون حاصل کرنے کے لیے اسٹریٹ کرائمز کے متاثرین کو اپنے اصل کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNICs) اور فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (FIRs) گورنر ہاؤس میں پیش کرنا ہوں گی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے ہیلتھ انشورنس کا بھی اعلان کیا، جس سے شہری اپنا اور اپنی فیملی کا 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروانے کے قابل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اس اقدام سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ تمام ضروریات کو پورا کریں۔
گورنر سندھ نے دعویٰ کیا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے انہوں نے احسانات کے بدلے میں کسی سے کچھ نہیں مانگا۔
مزید برآں، انہوں نے گورنر ہاؤس میں 5 لاکھ سے زائد افراد کے لیے مفت راشن اور افطاری کی فراہمی سمیت اپنے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جلد ہی مفت آئی ٹی کورسز کے ذریعے جدید ہنر سے آراستہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔