اسپین میں ماسک پہننا لازمی قرار

اسپین(اُمت نیوز)اسپین میں فلو اورکووڈ انفیکشن کے پھیلاؤ کے سبب ملک بھر کے صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۫۔

ہسپانوی وزیرصحت مونیکا گارسیا نے بدھ سے ملک بھر کے صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے کیونکہ ملک کو فلو اور کووڈ انفیکشن کے عروج کا سامنا ہے۔

مونیگا گارسیا کا کہنا ہے کہ ، ’ہمیں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کی حفاظت کرنی ہے‘۔

وزارت صحت نے اسپتالوں اور ہیلتھ کیئر سینٹرز میں ماسک پہننے کا حکم دیتے ہوئے نجی کلینکس، فارمیسیز اور دیگر طبی سہولیات جیسے کہ ڈینٹسٹ دفاتر میں ماسک پہننے کی سفارش کی ہے۔

ہسپانوی علاقوں میں گزشتہ ہفتے ہی مریضوں، زائرین اور اسپتالوں کے عملے کو ماسک پہننے کا حکم دیا جا چکا ہے۔ اسپین کی مرکزی حکومت نے پیر کے روز اس اقدام کو ملک بھر میں بڑھانے کی تجویز پیش کی ۔

اسپین ان آخری یورپی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے کووڈ وبائی مرض کے بعد فیس ماسک پہننے کی شرط ختم کردی تھی ، لوگوں کو فروری 2023 تک پبلک ٹرانسپورٹ پر اور جولائی تک صحت کے مراکز اور فارمیسیز میں ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی تھی۔