اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بعد چیف جسٹس پاکستان کا منصب جسٹس اعجاز الاحسن کے بجائے جسٹس منصور علی شاہ سنبھالیں گے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئرجج جسٹس اعجاز الاحسن بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، انہوں نے اپنا استعیٰ صدر مملکت کو بھجوادیا۔ جسٹس اعجازالاحسن سپریم کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں تیسرے سینئر ترین جج تھے جبکہ سنیارٹی لسٹ میں دوسرا نمبر جسٹس سردار طارق مسعود کا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ اگلے چیف جسٹس آف پاکستان بنیں گے، جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی تبدیلیاں ہوں گی، جسٹس اعجازالاحسن کے استعفے کے بعد جوڈیشل کمیشن کی ہیئت میں تبدیلی ہوگی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے دو روز قبل سابق جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف کارروائی سے اختلاف کیا تھا۔کونسل کے 4 اراکین نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز جاری کیا تھا جس سے جسٹس اعجاز الاحسن نے اختلاف کیا تھا۔