لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سیاستدان جب بھی بیمار ہوتے ہیں لندن چلے جاتے ہیں۔حکومت میں آئے تو ان سیاستدانوں کے دل کے علاج کا بھی بندوبست کرلیں گے۔آپ میری حکومت بنائیں انہیں لندن نہیں جانا پڑے گا۔کوئی جیل سے بچنے کیلئے اور کوئی جیل سے نکلنے کیلئے الیکشن لڑرہاہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کاتاندلیانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کے نتیجہ میں پیپلز پارٹی نہ صرف وفاقی حکومت بنائے گی بلکہ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی،ا س باروزیر اعظم اور وز یراعلیٰ پنجاب دونوں جیالے ہونگے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں پنجاب کے جیالوں کے درمیان انتہائی خوشی ہو رہی ہے۔ کچھ قوتین یہ سمجھتی تھیں کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو راستے سے ہٹا کر وہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور غریبوں کو کچل دیں گے اور جیالوں کا راستہ روک دیں گے۔ میں ان قوتوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نہ جھکنے والے ہیں نہ پیچھے ہٹنے والے ہیں۔
دریں اثنا پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے تحصیل اوکاڑہ کے صدر امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی192 رائوایازالکریم سے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے شکنجے میں جکڑی قوم بلاول بھٹوکی منتظر ہے، بلاول بھٹو ہماری آنے والی نسلوں کے لئے سوچ ہی نہیں رہے بلکہ ا س کے لئے کام بھی کر رہے ہیں،بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ، مہنگائی کا سیلاب دن بدن منہ زور ہوتا جا رہا ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مفاد کو مقدم سمجھا اور عوامی خوشحالی کی پالیسیوں کو فروغ دیا جس سے عوام مستفید اور خوشحال ہوئے مگر اب عوام کو پستی کی طرف دھکیل دیاہے، جوملک وقوم کے لئے بہتر نہیں۔
مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی نے 8 فروری کو عام انتخابات میں حصہ لینے والے جنوبی پنجاب سے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں سے 3 پر ٹکٹ جاری کئے گئے، قومی اسمبلی پر جاری کردہ تینوں ٹکٹ گیلانی خاندان کے نام رہے ۔ این اے 148 ملتان سے یوسف رضا گیلانی اور این اے 151 سے علی موسیٰ گیلانی امیدوار ہوں گے۔این اے 152 سے عبدالقادر گیلانی، این اے 169 سے سید مرتضیٰ محمود، این اے 173 سے مخدوم مصطفی محمود اور این اے 174 سے مخدوم عثمان محمود الیکشن میں حصہ لیں گے۔صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں سے 7 پر پیپلزپارٹی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے۔پی پی 213 سے علی حیدر گیلانی کو ٹکٹ جاری کیا گیا، پی پی 214 سے بیرسٹر سید مدثر شاہ، پی پی 215 کا شکیل حسین لابر کو ٹکٹ جاری کیا گیا، پی پی 216 سے سید غلام مصطفیٰ شہزاد، پی پی 218 سے رانا ساجد کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔پی پی 219 سے واصف مظہر راں اور پی پی 221 کا میاں کامران عبداﷲ مڑل کو ٹکٹ دیا گیا۔