کراچی: اتحاد ٹاؤن گلشن غازی میں گھر کے اندر آگ لگنے سے 2 کمسن جڑواں بھائیوں سمیت 3 افراد جھلس کر اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ لیاری میں جمعرات کو گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے جھلس کر زخمی ہونے والی نوعمر لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کو اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ گلشن غازی احسان محلہ گلی نمبر 10 میں قائم مکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گھر کو اپنی لپٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے دوران گھر میں موجود 2 کمسن بھائی اور ایک نوجوان پھنس گئے، واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں، اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن امتیاز احمد نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے کا بتایا گیا ہے اور جب آگ بھڑکی تو گھر میں موجود 2 کمسن جڑواں بھائی ڈیڑھ سالہ عباس اور جواد اور ان کے گھر آیا ہوا رشتے دار 23 سالہ علی نواز گھر کے اندر ہی پھنس گئے اور انھیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا جس کے نتیجے میں تینوں جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ ایس ایچ او کے مطابق کمسن بھائیوں کی والدہ فہمیدہ جھلس کر معمولی زخمی ہوئی جس کی حالت خطرے سے باہر ہے. جاں بحق ہونے والا علی نواز گھر کے مالک بالاج بلوچ کا رشتے دار ہے جو علاج کی غرض سے ان کے گھر آیا ہوا تھا جبکہ آتشزدگی کے باعث گھر اور اس میں موجود گھریلو سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔