پی ٹی آئی کو بلے کا نشان ملے گایانہیں؟ فیصلہ کچھ دیرمیں سنایاجائے گا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بلے کا انتخابی نشان ملے گا یا نہیں؟ سپریم کورٹ نے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت مکمل کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور بلے کے انتخابی نشان سے متعلق پشاور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر دوسرے روز سماعت کی جو شام 7 بجے کے بعد بھی جاری رہی جبکہ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس محمد علی مظہر اورجسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سماعت صبح 10 بجے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن درست قرارپائے تو انہیں بلے کے انتخابی نشان سمیت سب کچھ ملے گا۔

چیف جسٹس نے اس حوالے سے ریمارکس دیے تھے کہ قانون کے مطابق پہلے قانونی انداز میں پارٹی الیکشن کروائیں،انتحابی نشان بعد کی بات ہے۔سماعت کل صبح 10 بجے تک ملتوی کر رہے ہیں، ہمارا ویک اینڈ برباد کرنے کا شکریہ۔