اسلام آباد: 8 فروری کو شیڈول الیکشن ملتوی کرانے کے لیے ایک اور قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی،الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹر ہلال الرحمن نے جمع کرائی جو فاٹا سے آزاد سینیٹر ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر ہلال الرحمن کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی اور برفباری خیبرپختونخوا میں شہریوں کو سازگاز ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہی ہے، امیداروں کو الیکشن مہم چلانے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات کے باعث امیداروں کو دہشتگردوں کے حملوں کا خدشہ ہے، صوبے کے ووٹرز اور امیدواروں میں احساس محرومی ہے۔

سینیٹر ہلال الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن تاریخ غیر موزوں ثابت ہو رہی ہے لہذا عام انتخابات کو 8 فرروی کے بجائے موزوں تاریخ تک ملتوی کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن ملتوی کرانے کے لیے ایک قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے الیکشن مقررہ وقت پر کرانے کی قرارداد بھی سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔