ڈیرہ مراد جمالی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8فروری کو تیر سے شیر کا شکار کریں گے، پاکستان کے لوگ عوامی حکومت چاہتے ہیں لیکن ایک شخص کو چوتھی بار پاکستان پر مسلط کرنیکی کوشش ہورہی ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم 8 فروری کو اپنا حق چھینیں گے، ایک شخص کو آپ نے تین بار وزیراعظم بنایا، اور آج اس شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کیا آپ (عوام) ایک بار پھر ن لیگ کا وہی وزیرخزانہ دیکھنا چاہتے ہیں؟
انھوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے عوام اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کے کردار سے خوش نہیں، پاکستان کے عوام یہ فیصلہ نہیں مانتے، پاکستان کے عوام کسی کےغلام نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خارجہ سطح پر پاکستان کیخلاف سازش ہورہی ہے، پاکستان کے لوگ عوامی حکومت چاہتے ہیں، پاکستان میں معاشی بحران کے ساتھ دہشت گرد بھی سر اٹھا رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گھبرانے والی نہیں، ہم میدان میں کھڑے ہیں، ہم نے ضمنی انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہم عام انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام مجھے وزیرِ اعظم بنائیں 10 نکات پر عمل کر کے بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کروں گا۔
بلاول نے الیکشن میں کامیاب ہونے کی صورت میں عوام سے وعدے کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں ڈبل کرکے دکھاؤں گا، منتخب ہو کر نصیرآباد میں یونیورسٹی بناؤں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میں اب سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا کر دے رہا ہوں، ہمارے سیلاب متاثرین آج تکلیف میں ہے، بےنظیرکسان کارڈ بنا کر کسانوں کو ریلیف دیں گے۔