اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کے حوالے سے سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کر نے بارے جاری تحریری فیصلہ میں سپریم کورٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مزید وقت دینے کی بات الیکشن کمیشن نے کی،جس کے باعث پی ٹی آئی کو نشان الاٹ نہ ہوسکا۔ اس کے علاوہ 2 ہائیکورٹس میں درخواستیں اب بھی زیر التوا ہیں، الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابات نہیں کرائے۔جاری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ای سی پی کا آرڈر پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج ہوا، پشاور ہائیکورٹ نے 3 جنوری کو فیصلہ دیا کہ نشان الاٹ کیا جائے، وہاں انٹرا کورٹ اپیل فائل ہوئی، الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آئی کو 2021 سے انٹرا پارٹی کا کہتا رہا۔سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کر لی، جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو جون 2022 ءتک الیکشن کروانے کا حکم دیاتھا۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نشانہ نہیں بنایا، الیکشن کمیشن کو انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف 14 شکایات موصول ہوئی تھیں۔
سپریم کورٹ کے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ درست الیکشن کا انعقاد نہ ہونے پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لیا۔ الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔انٹرا پارٹی الیکشن میں تمام ممبران کو برابری کا حصہ ملنا چاہیے تھا، تحریک انصاف نے پارٹی کے شفاف انتخابات کے شواہد پیش نہیں کئے، الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اس کا کام ہے قانون کے مطابق کام کرے اور پارٹی انتخابات کرائے۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل تھیں۔چیف جسٹس نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ معافی چاہتاہوں فیصلہ سنانے میں تاخیر ہوئی، یہ ایک میڈیم سائیز آرڈرہے، پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن نے 24 نومبر کو انتخابات کا نوٹس جاری کیاتھا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے فیصلے کے خلاف اپیل تیارکرلی ہے جو آج دائر کیے جانے کاامکان ہے۔ذرائع نے بتایاہے کہ اپیل حامدخان ایڈووکیٹ نے اپیل تیارکی ہے جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جار ی کردہ فیصلے میں کئی اہم آئینی وقانونی نکات سے اختلاف کیاگیاہے اور ان کے ردمیں اہم ترین فیصلوں کے حوالے بھی دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ تحریک انصاف کی جانب سے لیول پلائنگ فیلڈنہ دینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کل پیر کوکرے گی۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گااس سماعت کے حوالے سے فریقین کواطلاعاتی نوٹسزبھی جاری کیے جاچکے ہیں۔تحریک انصاف آج پیر کواپناتفصیلی جواب بھی عدالت میں جمع کرائیگی۔