پکا یقین ہے الیکشن بروقت ہونگے ،اچھا رزلٹ آئیگا، جہانگیر ترین

ملتان: استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ میرا اور میرے دوستوں کا وہی موقف ہے جو 2018 کے عام انتخابات میں تھا لیکن پی ٹی آئی اپنے موقف سے ہِل گئی ہے، الیکشن پاکستان کی ضرورت ہے ،پکا یقین ہے الیکشن وقت پر ہوں گے اور اچھا نتیجہ آئے گا۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہمیشہ ہوتی ہے ، کیونکہ ووٹر جب بوتھ میں جاتا ہے تو وہ اکیلا ہوتا ہے ، یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہمیشہ رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں ہم ایک جذبے کے ساتھ آئے تھے اور پی ٹی آئی پر ہم نے بہت محنت کی تھی،لیکن آج پی ٹی آئی اپنے موقف سے ہِل گئی ،جبکہ ہمارا موقف وہی ہے۔

دریں اثناسینئر نائب صدر آئی پی پی و این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں تاندلیانوالہ سٹی کے مختلف علاقوں میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران تاجروں اور حلقے کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں ، پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی اور پی پی 103سے امیدوار رانا رانا نعیم اقبال اورعلاقہ عمائدین کی کثیر تعداد بھی ہمراہ تھی ۔ مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہاکہ علاقے کے دیرینہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ، ہم نے نہ صرف کسانوں ، نوجوانوں کیلئے سکیمیں دینی ہیں بلکہ علاقے میں معاشی سر گرمیوں کے فروغ کیلئے بھی منصوبے شروع کریں گے ۔