ٹیکسلا: سابق وفاقی وزیر داخلہ، امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 53,54چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پی او ایف کے محنت کشوں کے ساتھ میرا نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے،میں اقتدار میں ہوا یا اپوزیشن میں جب بھی پی او ایف کے محنت کشوں پر کوئی مشکل وقت آیا تو ان شاءاللہ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں گا،جب میں پہلے اقتدار میں تھا تو میں نے نہ صرف پی او ایف کے محنت کشوں کو اضافی تنخواہیں بلکہ بونس اور دیگر مراعات بھی دلوائیں، پی او ایف کا محنت کش و ہ خاموش مجاہد ہے جو بارود کے ڈھیر پر بیٹھ کر جہاد کر رہا ہے، آج کا یہ جم غفیر میں پی او ایف کے محنت کشوں اور ہمارے قریبی دوست چوہدری غلام اکبر (مرحوم) کے نام کرتا ہوں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے واہ کینٹ میں اپنے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ میرے مخالفین کے پاس عوام کے لیے کوئی پروگرام نہیں، میرے ایک سیاسی مخالف نے پہلے پی آئی اے کو تباہ کیا پھر واہ جنرل ہسپتال کو تباہ کیا، انہوں نے کہا کہ اب اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے آپ کی خدمت کا موقع دیا تو نہ صرف اس جدید ترین ہسپتال کو فعال کرینگے بلکہ پی او ایف کے محنت کشوں کے لئے ہاﺅسنگ کالونی، نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان اور دیگر میگا پروجیکٹس بھی لائیں گے، اس موقع پر شیخ ساجدالرحمن، شیخ ذیشان سعید،شیخ احرم ذیشان، شیخ حاشر ذیشان چوہدری اسلم،سردار وقاص محمود خان، ملک سعید نواز، ،سید عمران حیدر شہزادہ،حاجی محمدایوب صراف،ملک نثار اعوان،چوہدری جمیل اکرم ، چوہدری علی صفدر ،سید شکیل حیدر،اکبر دین بٹ ،راقب زمان خان،سید علمدار حسین،نعمان احترام،ملک اویس چھاچھی،شاہین خان سمیت پی او ایف کے محنت کش اورحلقہ کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔