لاہور: سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ جو آپکے ووٹ کا بند کمروں میں سودا کرے وہ لیڈر نہیں گیدڑ ہے،ہمارا مقابلہ مہنگائی، بھوک اور بے روزگاری سے ہے،بلال بھٹو اپنی ماں اور نانا کے نقش قدم پرچلتے ہوئے لاہور میں موجود ہے،ہم نے محترمہ کی شہادت پر کسی ہیرو کے جہاز کو توڑا نہ تنصیبات کو نقصان پہنچایا اور نہ کسی شہید کی یاد گار کی بے حرمتی کی بلکہ جب ہمیں حکومت ملی تو ہم نے تنخواہوں میں 120 فیصد اضافہ کیا۔وہ انور مارکیٹ مرغزار کالونی میں این اے126اور پی پی 167کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر ہی تھیں۔
کنونشن سے امجد جٹ،حسن رضا ،یاسر بارا نے بھی خطاب کیا۔کنونشن میں سونیا خان،نور جہاں اورصدر پی پی 168 رانا یوسف اورپارٹی کے کارکنان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔شہلا رضا نے کہا کہ جمہوریت جمہور سے ہوتی ہے،اگر آپکا لیڈر آپکے درمیان ہی نہ آئے تو آپکا لیڈر نہیں ،اگر کوئی مشکل وقت میں ملک کو چھوڑ دے تو وہ آپکا لیڈر نہیں ہو سکتا ،ہم بتائیں گے کہ جمہوریت میں آپکے لیڈر کو آپکے دروازے پر آنا پڑیگا۔کنونشن سے یاسر بارا اور حسن رضا نے بھی خطاب کیا۔