مالے (آن لائن) بھارت اور مالدیپ کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور مالدیپ کےصدر محمد معیزو نے بھارت کو اپنی فوجیں مالدیپ سے نکالنے کا الٹی میٹم دے دیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مالدیپ نے کہا ہےکہ بھارت مالدیپ کے علاقے سے بھارتی فوجیوں کو 15 مارچ تک واپس بْلالے۔ مالدیپ کے نو منتخب صدر نے یہ انتباہی بیان چین کے دورے میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات سے واپسی کے چند روز بعد جاری کیا ہے۔
مالدیپ کے صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کی کابینہ کی پالیسی کے مطابق مالدیپ میں اب بھارتی فوجیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ وہ مالدیپ چھوڑ کر بھارت واپس جائیں۔تاہم بیان میں مالدیپ میں موجود بھارتی فوجیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی تاہم ایک اندازے کے مطابق مالدیپ میں تقریباً 100 کے قریب بھارتی فوجی موجود ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے خبر پر ابھی کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ خیال رہے کہ مالدیپ میں نئے صدر محمد معیزو کی حکومت بننے کے بعد سے بھارت اور مالدیپ کے تعلقات کشیدہ ہیں۔
3 ماہ قبل مالدیپ کے صدر منتخب ہونے والے محمد معیزو نے الیکشن میں انڈیا اکؤٹ کا نعرہ لگایا تھا اور مالدیپ سے بھارتی فوج کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔صدر منتخب ہونے کے بعد محمد معیزو نے اپنے پہلے دورے کے لیے روایت سے ہٹ کر بھارت کے بجائے ترکی اور چین کا انتخاب کیا تھا اور بھارت سے باضابطہ طور پر اپنے ملک سے بھارتی فوجی اہلکاروں کو واپس بلانے کی درخواست کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق مالدیپ میں 100 کے قریب بھارتی فوجیوں کا دستہ 1988 سے تعینات ہے، جو جہاز اڑانے، تربیت اور سرویلنس سمیت دیگر غیر جنگی امور کے لیے موجود ہیں۔۔