لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 7 امیدواروں کو ریٹرننگ افسران (آر اوز) نے آزاد امیدوار قرار دے دیا۔
پیپلز پارٹی کے پنجاب میں 7 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے باوجود انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں ہوا، 3 قومی اسمبلی اور 4 پنجاب اسمبلی کے امیدوار پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئے۔
انچارج الیکشن سیل پیپلز پارٹی سینٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط تحریر کردیا، جس میں کہا گیا کہ این اے 58 چکوال سے ذوالفقار علی خان کو تیر کا نشان الاٹ نہیں کیا گیا جبکہ این اے 59 تلاگنگ / چکوال سے حسن سردار کو تیر کا نشان نہیں دیا گیا۔
این اے 122 لاہور سے چوہدری عاطف رفیق کو تیر کا نشان جاری نہیں کیا گیا، پی پی 20 چکوال سے چوہدری نوشاد خان کو تیر کا نشان جاری نہیں کیا گیا، پی پی 21 چکوال سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ امجد نور کو تیر کا نشان جاری نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ پی پی 119 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مجاہد اسلام کو انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں کیا گیا جبکہ پی پی 163 لاہور میں محمد فیاض بھٹی کو بھی پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تیر جاری نہیں کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ن لیگ اکیلے کھیلنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب مقابلہ تیر اور شیر کا ہے، ن لیگ مخالفین کو پچ آؤٹ کر کے میدان میں اکیلے کھیلنا چاہتی ہے، الیکشن قریب ہیں اور ہم سازشوں کو ناکام کر کے عوام کے ساتھ وفاق میں حکومت بنائیں گے، پرانے سیاستدان ذاتی دشمنی پراتر آئے ہیں، ن لیگ کے ارادے جمہوری نہیں رہے، ن لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، آر اوز نے ن لیگ کے دباؤ پر ہمارے کئی امیدواروں کو تیر کے نشان سے محروم کیا۔
قمبر شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں انتخابات قریب نظر آرہے ہیں، ہم جگہ جگہ جاکر عوام کا ساتھ مانگ رہے ہیں، پیپلزپارٹی کا معاشی معاہدہ عوام کے سامنے پیش کیا، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی بات کررہے ہیں، اب ہمیں الیکشن نزدیک نظر آرہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، پرانے سیاستدان ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جوعوام پر اعتبار کرتی ہے، عوام نئی سوچ اور نئی سیاست کا ساتھ دیں، غربت، بیروزگاری اور مہنگائی عوام کے بڑے مسائل ہیں۔