اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک کی زیر صدارت کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کا دوسرا مشاورتی اجلاس گزشتہ روز یہاں منعقد ہوا۔ وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشعال ملک نے اراکین کو پہلے مشاورتی اجلاس کی سفارشات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔مشعال ملک نے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے میں موثر تحقیق اور وکالت کیلئے نوجوانوں کی توانائیاں بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا اور اراکین کو کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر آزاد کشمیر اور پاکستان کی یونیورسٹیوں میں کشمیر سیل کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹیوں میں طلباء کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن منعقد کرنے پر زور دیا۔
مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایس ایس کا نظریہ نہ صرف ہندوستان میں اقلیتوں کیلئے بلکہ علاقائی امن کیلئےبھی خطرہ ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پراس معاملے کانوٹس لے اور ان آبادیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات پر عمل درآمد کرے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی آبادیاتی ہیرا پھیری سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں درج جموں و کشمیر میں رائے شماری کے امکان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے یاسین ملک، آسیہ اندرابی، اور دیگر کشمیری رہنماؤں کے مقدمات انصاف کے تمام بین الاقوامی فورمز پر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔