اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے،حرمت اقصیٰ علماء کنونشن

کراچی : غزہ پر اسرائیلی جارجیت کے 100دن مکمل ہونے پر کراچی میں حرمت اقصیٰ علماءکنونشن سے جید علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں نےخطاب کرتےہوئے کہا ہے کہ فلسطین انبیاء کی سرزمین ہے، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کر رہا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے، مسلم حکمران متحد ہوکر اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی کردار ادا کریں، اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور غزہ کے محصورین کے لیےہنگامی بنیادوں پر امداد پہنچائی جائے۔

ان خیالات کا اظہارمفتی تقی عثمانی صدر جامعہ دارالعلوم، مولانامفتی محمدیوسف کشمیری رئیس جامعہ الدراسات وممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی ، فیصل ندیم نائب صدرپاکستان مرکزی مسلم لیگ، علامہ اورنگزیب امیر اہلسنت والجماعت پاکستان، قاری محمدعثمان امیر جمعیت اسلام (ف)، مفتی نعمان نعیم رئیس جامعہ بنوریہ عالمیہ، مسلم پرویزنائب امیرجماعت اسلامی کراچی، پروفیسرمحمدسلفی نائب امیر جماعت غرباءاہلحدیث ، مولانامحمدیارربانی رہنما انصارالامہ،اری فیاض جمعیت علماء اسلام، یوسف قصوری امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ،،مولانا اقبال اللہ رہنما جمعیت علماء اسلام ( س ) ، محمداعجازامیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت،مولانا عبیداللہ ،مولانا امداداللہ ،مولانا سلیمان بنوری ،مولانا زبیراشرف ،مولانا عمران اشرف ، مولانا شریف کشمیری ، مولانامفتی عابد،علامہ لیاقت حسین ،علامہ رضوان احمد ،مفتی وسیم اختر،مولانامفتی رفیع الرحمن ودیگر نے کیا۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی میزبانی میں کراچی کے مقامی ہوٹل میں حرمت اقصیٰ کنونشن کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا، جس میں اسرائیلی مظالم کی مذمت، حماس کی مزاحمت کو خراج عقیدت اور غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ روکنے کے لیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ مزید برآں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے اور ان سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے، فلسطینوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے اور غزہ کے مسلمانوں کی امداد کے لیے بھی اپیل کی گئی۔ کنونشن میں شہربھر سے ہزاروں علماء، مفتیان، خطباء و دینی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔