غزہ: اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری میں 185 فلسطینی جبکہ مغربی کنارے میں فائرنگ سے 5 نوجوان شہید ہوگئے۔خان یونس اور رفح کے علاقوں میں 2 ہسپتالوں، لڑکیوں کےاسکول اور درجنوں گھروں کو نشانہ بنایا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک صحافی اور مواصلاتی کمپنی کے دو اہلکاروں بھی شامل ہیں۔مصری ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ ان کے صحافی یزان الزویدی غزہ میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ میں مواصلاتی نظام کا بلیک آؤٹ جاری ہے۔ غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ مغربی کنارے کے علاقے ہیبرون میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار کا تعاقب کرکے اس میں سوار دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ رام اﷲ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے دو نوجوانوں پر بارودی مواد سے چیک پوسٹ پر حملے کا الزام عائد کرکے انھیں بیدردی سے قتل کردیا۔
اریحا شہر کے پناہ گزین کیمپ میں ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کیا۔ دوسری طرف القسام بریگیڈز نے حملوں میں مزید 2 اسرائیلی فوجی افسر ہلاک اور کئی اسرائیلی ٹینک تباہ کردئیے۔ القسام بریگیڈز نے قابض اسرائیلی فوج کے جنگی قیدی بنائے گئے اہلکاروں کی ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں یرغمالیوں نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ حملے روک دے۔ اسرائیلی فوج مخالف سوشل میڈیا پوسٹ پر اسرائیلی ٹیچر کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلینٹ نے تجویز پیش کی ہے اسرائیلی حکومت فلسطینی اتھارٹی کی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کرے تاکہ وہ غرب اردن میں حماس کوکچلنے میں مدد کرسکے۔
علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر نے میڈیا بریفنگ میں اسرائیل پر غزہ پر حملے روکنے پر زور دیا۔ قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا اسرائیل کی حماس کے خلاف جنگ کو ختم کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے غیرملکی خبررساں ادارے کے بتایا کہ بائیڈن نیتن یاہو سے مایوس ہوچکے ہیں اور انہوں نے 20 دنوں سے زیادہ عرصے میں نیتن یاہو سے بات نہیں کی۔ دریں اثنا چین کے وزیر خارجہ وانگ یی مصر کے باضابطہ دورے پر مصر پہنچے۔ ملاقات کے بعد مصری وزیر خارجہ نے کہا غزہ میں موجود بد ترین صورت حال میں مزید خرابی بڑھ رہی ہے جس کے نتیجے میں بحیرہ احمر میں جہازرانی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں، تصادم پورے علاقے کی طرف پھیل رہا ہے۔
انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں اسرائیلی وزیر ایزن کوٹ نے کہا وقت بہت تیزی سے ہمارے ہاتھوں سے نکلتا جا رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیلی یرغمالیوں کی زندگی کو خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا بہت ہو گیا اب ہمیں خود سے جھوٹ بولنا بند کرنا ہوگا، یرغمالیوں کو چھڑوانے کیلئے ہمیں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔ دریں اثنا حزب اﷲ کے شمالی اسرائیل پر میزائل حملے میں دو اسرائیلی ہلاک ہوگئے ۔ لبنان کی سرحد کے ساتھ اسرائیلی علاقے میں ٹینک شکن میزائل کے داغے جانے سے ایک اسرائیلی ہلاک جبکہ ایک اسرائیلی عورت شدید زخمی ہو گئی۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے اسرائیلی فوجیوں نے رواں ماہ لبنان میں مارے گئے حماس کے سرکردہ رہنما صالح العاروری کی دو بہنوں کو حراست میں لیا ہے۔ لبنانی حزب اﷲ کے راہنما حسن نصر اﷲ نے کہاہے حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا اسرائیل غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے ۔