دنیا کی کم عمرترین لکھاری،3 سالہ ماہا نے تاریخ رقم کردی

دبئی : متحدہ عرب امارات کی 3 سالہ بچی ماہا راشد نے بچوں کی دو کہانیاں ’دی فلاور‘ اور ’ہنی بی‘ شائع کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔خلیج ٹائمز کے مطابق ماہا نے دنیا کی کم عمر ترین لکھاری ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ ننھی پری کا تعلق گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز کے خاندان سے ہے۔

24 گھنٹوں کے اندر،انہوں نے اپنی دونوں کتابوں کی 1،000 سے زیادہ کاپیاں فروخت کیں اورگنیز ورلڈ ریکارڈز کے ذریعہ تسلیم شدہ دنیا کی سب سے کم عمر شائع ہونے والی مصنفہ (خاتون) بن گئیں۔ نرسری کی طالب علم نے 7 جنوری 2024 کو یہ ریکارڈ توڑا اور اس ماہ کے آخر میں باضابطہ تقریب منعقد ہوئی۔ ماہا کے کہانی سنانے اور ڈرائنگ کے شوق نے انہیں تخلیقی سفر پر گامزن کیا۔ اس سفر کے دوران ، انہوں نے خوبصورت ڈرائنگ کے ساتھ بچوں کے لئے تصوراتی کہانیاں لکھنے اور تیار کرنے کا طریقہ سیکھا۔

ماہا کی بڑی بہن الدھابی اس وقت 7 سال اور 360 دن کی عمر میں دو زبانی کتاب شائع کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت ہونے کا ریکارڈ رکھتی ہیں، جبکہ ان کے بھائی کے پاس 4 سال کی عمر میں کتاب شائع کرنے والا سب سے کم عمر (مرد) ہونے کا ریکارڈ ہے۔

اپنی دونوں کہانیوں میں ، ماہا نے ماحولیاتی اصولوں کی اہمیت کو بیان کرنے کی کوشش کی۔ ان کی والدہ نے بتایا کہ ’ بیٹی اپنی عمر کے نوجوانوں میں ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا چاہتی تھیں’۔ان کی والدہ نے ماحولیات میں اپنی دلچسپی اور ماحول دوست نقطہ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’جب ہم نے گزشتہ نومبر میں دبئی میں کوپ 28 کا دورہ کیا، تو میں نے محسوس کیا کہ ماہا کے پاس ماحول دوست کہانیوں کے لئے خیالات کا احساس اور چمک ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے بعد ہمیں ماحولیاتی تحفظ کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور بچوں کو تعلیم دینے کی ضرورت کا احساس ہوا۔