بھارت (اُمت نیوز)سابق بھارتی لیجنڈری کرکٹرسچن ٹنڈولکر بھی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی زد میں آگئے، سابق کرکٹر کی اے آئی سے تیار کردہ ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا پر سچن ٹنڈولکر کی فیک ویڈیو میں انہیں گیمنگ ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ گیمنگ ایپ لوگوں کیلئے پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے۔
ویڈیو میں آواز سچن ٹنڈولکر کی ہی ہے جس میں انہیں کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ انکی بیٹی بھی اس ایپ سے پیسے کمارہی ہے۔ سابق کرکٹر تشہیر کرتے ہوئے باقیوں کو بھی ان گیمز کے ذریعے پیسہ کمانے پر زور دے رہے ہیں۔
تاہم سابق کرکٹرنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اس ویڈیو کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
انہوں نے لوگوں کو خبر دار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ویڈیو جعلی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے بے تحاشا غلط استعمال کو دیکھنا پریشان کن ہے۔ ہر ایک سے درخواست ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس طرح کی ویڈیوز، اشتہارات اور ایپس کو رپورٹ کریں۔