تہرانن: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے عراق میں اسرائیل کے جاسوس ہیڈ کوارٹر اور کرد جنگجوؤں کے اجتماع کو بیلسٹک میزائل حملوں میں نشانہ بنایا جبکہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے شام اورعراق میں اسرائیل، کردوں اور داعش کے متعدد اہداف پر میزائل حملے کیے جن میں کئی علیحدگی پسند کردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب نے عراق میں کردوں کے زیر انتظام علاقوں کے دارالحکومت اربیل میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر اور ایران مخالف دہشت گرد گروہوں (کرد جنگجوؤں) کے ایک اجتماع پر میزائل داغے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے دعوے میں مزید کہا کہ ان میزائل حملوں میں اسرائیل کا جاسوس ہیڈکوارٹر تباہ اور متعدد کرد جنگجو ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب عراق کی کردستان سیکیورٹی کونسل نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ممتاز کرد تاجر پیشرو دیزائی بھی شامل ہیں۔