کراچی: تحریک انصاف کے سینئرنائب صدرشیر افضل مروت نے سندھ میں انتخابی مہم اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پارٹی ترجمان رؤف حسن کے خلاف تحفظات کا اظہارکرنے والے شیر افضل نے انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان ایکس پوسٹ میں کیا۔
شیرافضل مروت نے لکھا کہ حامد خان اور رؤف حسن جیسے بیمار ذہنیت کے لوگوں کی جانب سے میرے خلاف بیانات کو مدنظررکھتے ہوئے میں سندھ میں اپنی مہم ختم کر رہا ہوں۔ یہ لوگ مجھے کیوں نشانہ بنا رہے ہیں؟ کیا میں نے کبھی ان کے خلاف بات کی؟ میں بہت مایوس ہوں۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ہمیں آج سانگھڑ اور نواب شاہ میں جلسے کرنے تھے لیکن اپنی ہی پارٹی کے سینئر لیڈر کے حملے کے بعد میں اپنے تمام پروگرام اور تقریبات منسوخ کر رہا ہوں۔
شیرافضل مروت نے مہم کا دوبارہ آغاز اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تصفیہ کروانے سے مشروط کردیا۔
سینیئر نائب صدر پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ عمران خان کی جانب سے تصفیے تک میں کسی ریلی یا جلسے کی قیادت نہیں کروں گا۔
انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں سندھ کو آدھا چھوڑ رہا ہوں۔ حامد خان اور رؤف حسن ہمت پیدا کریں اور عوام کی رہنمائی کریں۔