نوڈیرو : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے، جو مخالفین کے ساتھ ہورہا ہے کل ان کے ساتھ بھی ہوگا۔
تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گالی گلوچ کی سیاست سےہم ذاتی دشمنی تک پہنچ چکےہیں، اس سے ملک، وفاق اور نظام کو بھی نقصان پہنچے گا، تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے خراب حالات کا کسی کو کوئی احساس اور فکر نہیں ، دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں ،انہیں دعوت دی گئی ہے کہ کراچی میں آکر گھر بنائیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ملک میں نفرت اور ذاتی دشمنی کی سیاست کی وجہ سے جو ہورہا ہے بہت غلط ہورہا ہے، جو آج سمجھتا ہے کہ ان کے مخالف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، وہ جان لیں کل ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہردورمیں آئین،جمہوری نظام کادفاع کرتی رہی ہے۔ ہم نے پہلے ہی دن سلیکٹڈراج کو دنیا کے سامنے بےنقاب کردیاتھا۔ پیپلز پارٹی جمہوریت،18ویں ترمیم،این ایف سی پریقین رکھتی ہے،سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو نقصان ہوگا۔
چیئرمین پی پی کے مطابق ہم نے ان قوتوں کا مقابلہ کیا جو آپ کے حق پر ڈاکہ ڈالنا چاہ رہی تھیں،ان کی سازش تھی کہ پھر ون یونٹ قائم کیا جائےتاکہ سلیکٹڈراج چلتارہے لیکن ہم نے مل کراس سازش کوناکام بنایا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ نے 2018 میں بھی مجھےمنتخب کروایا تھا،آپ نے ہمیشہ قومی اسمبلی میں بھیجا۔ ہمیشہ آپ کی امیدوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کی۔ آپ نےماضی میں آمردورکامقابلہ کیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ جیسا معاشی بحران آج ہےویسا کبھی نہیں دیکھا، معاشرےمیں تقسیم کا اثر بھی ہر گھرتک پہنچ رہا ہے۔