ایران اور حماس کی اسرائیل کو ختم کرنے کی دھمکیاں خالی دھمکیاں نہیں ہیں، فائل فوٹو
ایران اور حماس کی اسرائیل کو ختم کرنے کی دھمکیاں خالی دھمکیاں نہیں ہیں، فائل فوٹو

 اسرائیل نے غزہ سے ایک ڈویژن فوج واپس بلا لی

تل ابیب: اسرائیل نے غزہ میں لڑنے والی فوج کی 4 میں سے ایک ڈویژن کو واپس بلا لیا۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے 4 مختلف ڈویژن حماس کے ساتھ جنگ میں مصروف ہیں تاہم جنگ کے 102 ویں دن ان میں سے ایک ’’36 ویں ڈویژن‘‘ کو بغیر کوئی ٹھوس وجہ بتائے واپس بلا لیا گیا۔

مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے فوج کے 36 ویں ڈویژن کی واپسی حماس کے ساتھ طویل ہوتی جنگ میں افواج کی کارکردگی اور فوجیوں کے جذبوں کو برقرار رکھنا ہے۔

اسرائیل سے جاری ہونے والے اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے 36 ویں ڈویژن کی واپسی فوجیوں کو تازہ دم ہونے کے لیے مختصر وقفہ دینے کے لیے ہے۔ یہ فوجی تازہ دم ہوکر دوبارہ غزہ جائیں گے۔

اسی طرح اسرائیل نے غرب اردن کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر غزہ سے ڈوڈیوان اسپیشل فورسز یونٹ کو مغربی کنارے منتقل کر دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دسمبر میں بھی اسرائیلی فوج نے غزہ سے گولانی بریگیڈ کو 60 دن کی لڑائی کے بعد واپس بلا لیا تھا۔