پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) امیدواروں کی انتخابی نشانات سے متعلق درخواستیں خارج کردیں۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی امیدواروں کی انتخابی نشان سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی،الیکشن کمیشن نے شہریار آفریدی کو بوتل ، آصف خان کو گاڑی ،آفتاب عالم کو بینگن اور شفیع اللہ کو گوبھی کا انتخابی نشان الاٹ کیا تھا۔
عدالت نے شہریار آفریدی، آصف خان، آفتاب عالم، شفیع اللہ کے انتخابی نشان سے متعلق درخواستیں خارج کردیں ۔
قبل ازیں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے شہریار آفریدی کے وکیل سے استفسار کیا کہ شہریار کو انتخابی نشان مل گیا تو پھرکیا مسئلہ ہے؟
اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان سےمتعلق قانون کی خلاف ورزی کی۔
جسٹس اعجازخان نے ریمارکس دیے کہ کس قانون کے تحت کہیں کہ بوتل واپس لیں اورکچھ دیں دے؟ اس پر وکیل نے دلیل دی کہ قانون میں سابق پارلیمنٹیرینز کواپنی مرضی کا نشان حاصل کرنےکاحق ہے۔
اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیلیں خارج
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا اور دائر اپیلیں خارج کردیں۔
پشاور ہائیکورٹ میں این اے 19صوابی سے اسد قیصر کے کاغذات کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی،فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعدازاں سناتے ہوئے اپیلیں خارج کردیں۔ فاضل عدالت نے اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی کو درست قراردیدیا اورانہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔