پشاو ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا کی انتخابی نشان کےخلاف درخواست منظورکرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو انہیں ٹریفک سگنل کا نشان جاری کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ راؤنڈ ٹیبل پھر بھی عزت والا نشان ہے،آپ خوش قمست ہیں کہ بوتل،بینگن جیسے نشانات نہیں دیےگئے۔
پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اعجاز خان نے تیمور سلیم جھگڑا کی درخواست پر سماعت کی جس دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ تیمورجھگڑا نے ٹریفک سگنل کیلیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی تھی، تیمورسلیم کو راؤنڈ ٹیبل انتخابی نشان دیا گیا ہے۔
اس پر جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اسٹیٹس دیکھ کرانتخابی نشان دیا گیا، یہ سابق رکن اسمبلی ہےناں، راؤنڈ ٹیبل پھر بھی عزت والا نشان ہے،آپ خوش قمست ہیں کہ بوتل،بینگن جیسے نشانات نہیں دیےگئے۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کے استفسار پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جو امیدوارکلیئر تھے ان کےانتخابی نشان کو الیکشن کمیشن نےچھپائی کیلئےبھجوا دیا ہے، اس پر درخواست گزارکے وکیل نے کہا کہ اپیلیں ہائیکورٹ میں ہیں، ابھی چھپائی کا عمل شروع نہیں ہوا۔