کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کی مدد سے میں ملک کا نوجوان وزیر اعظم بنوں گا،’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔رتوڈیرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ نے 2018 میں بھی مجھے منتخب کرایا تھا، میں نے آپ کی امیدوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرنےکی کوشش کی ہے، پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کوبے نقاب کیا، پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، سازش کی جارہی تھی کہ ایک بار پھر ون یونٹ قائم کیاجائے، ہم نے اس سازش کوناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے حق پرڈاکہ مارنے والوں کاڈٹ کر مقابلہ کیا، پیپلز پارٹی نے آمریت کا مقابلہ کیا، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا کیا نقصان ہوگا ؟اس کی فکر کسی کو نہیں ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے، جیسا معاشی بحران آج ہے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے تھے ہم نے انہیں بھی ناکام بنایا۔ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا گیا تو اس کا عوام کو نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی جو سر اٹھا رہی ہے میں اس سر کو ہی کاٹ دوں گا۔مزید برآں پی پی پی چیئرمین نے بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں کارکنان اور عہدیداران کے اعزاز میں منعقد ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے حالات کا اثرات کچے کے علاقے سے لے کر خیبرپختونخواہ تک نظر آرہے ہیں، دریں اثناء آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی میں اپنے خطاب میں کہا کہ میرے بھائی بلاول نے عوام دوست منشور دیا ہے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ 300 یونٹ بجلی مفت ملے اور تنخواہ دگنی ہو تو پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں۔ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 7 ارکان کو تیر کے انتخابی نشانات سے محروم رکھ کر آزاد امیدواران کے زمرے میں ڈالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام آراوز اور ڈی آر اوز الیکشن ایکٹ کے تحت مقررہ نشان الاٹ کرنے کے پابند ہیں۔ لاہور پیپلز سیکرٹریٹ میں پی پی لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز اور زونل عہدیداروں کیساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ 8فروری کواہل پنجاب کا امتحان ہے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ بلاول بھٹو لاہور سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل لاہور کو21جنوری کو منہاج القرآن پارک آنے کی دعوت دیتی ہوں،لوگوں کو کوئی شکوہ ہے تو ختم کر دیں۔پریس کانفرنس میں چودھری اسلم گل نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو21جنوری کو لاہور میں 3بجے جلسے سے خطاب کرینگے، جبکہ آصف زرداری پیکو روڈ پر آج این اے127کے مین انتخابی دفتر کا افتتاح کرینگے۔