جمال شاہ سے قازق سفیر کی ملاقات، ثقافتی تبادلہ ،عوامی رابطوں پر زور

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہاہے کہ قازقستان کے فنکاروں سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کو سی پیک ثقافتی کارواں کا حصہ بننے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جو علاقائی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین سے ملاقات میں کیا ۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین متعدد شعبوں خاص طور پر قازقستان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے درمیان اسے مزید فروغ دینے کے بہت سے امکانات موجود ہیں، ہمیں دوطرفہ ثقافتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے فلم اور سینما میں تعاون کرنا چاہیے۔ملاقات میں پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر نے ثقافتی تبادلوں، فن، ثقافتی ورثے، میوزیم اور فلم سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہاکہ قازقستان جلدہی پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں فلم کی نمائش کا اہتمام کرے گا۔