ایئرچیف سے امریکی سفیر کی ملاقات، تربیتی شعبےکے فروغ پراتفاق

اسلام آباد:  امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، ملاقات میں مشترکہ فضائی مشقوں کے ذریعے تعاون اور تربیتی شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے مابین تکنیکی صلاحیتوں، وفود کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا، پاک فضائیہ کی جانب سے حال ہی میں قائم کردہ ٹیکنو پارکس میں تعاون کا بھی یقین دلایا۔ جس میں آپریشنل تیاریوں اور کارکردگی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تکنیکی ترقی کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی تعلقات کو تقویت دے کر مشترکہ منصوبوں اور تزویراتی شراکت داری کیلئےباہمی تعاون کے دائرہ کار کی تنظیم نو اور اس امر کیلئے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ائیر چیف نے پاکستان اور امریکہ کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات کا احاطہ کرتے ہوئے دونوں اتحادی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی بھی تعریف کی۔ فریقین نے تربیتی شعبے کی بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔