لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈلیور نہ کرنے والے اس بار آخری الیکشن لڑیں گے، اب دو خاندانوں کی نہیں عوام کی باری آئے گی، 8فروری کاسورج جمہور کی تمناؤں کو روشن کرے گا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الیکشن التوا سے متعلق سینٹ قراردادیں آئین کی خلاف ورزی ہیں، ان کی ایوان کا وقار مجروح کرنے کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں، بروقت اور شفا ف انتخابات کویقینی بنایا جائے، یہی استحکام کا راستہ ہے، عوام کو آئینی حق سے محروم رکھا گیا توجمہوری طریقہ کے مطابق مزاحمت کریں گے۔ اندانی پارٹیاں پراپرٹیز ہیں، انہوں نے بھائیوں،بیٹوں، بیٹیوں، بھتیجوں،بھانجوں میں ٹکٹس تقسیم کیے، عام ورکر کو محروم رکھا۔
اب ان کی بادشاہتیں نہیں چلیں گی۔دیرینہ موقف ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں مساویانہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثنا امیرجماعت اسلامی سراج الحق ایک روزہ دورہ پرکل ڈیرہ اﷲ یار پہنچیں گے۔ ڈیرہ اﷲ یار اے ون سٹی میں عوامی جلسہ سے 11بجے خطاب کریں گے ۔