لاہور (اُمت نیوز) ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 225 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے سات کھلاڑی 179 رنزپر پویلین لوٹ گئے ، نیوزی لینڈ کوپانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان پرفیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے ۔
نیوزی لینڈ کی میزبانی میں ڈنیڈن کی یونیورسٹی آف اوٹاوو کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 225 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز ہی بنا پائی۔
کیویز کی جانب سے اوپنرز فن ایلن نے پاکستانی باؤلرز کی درگت بنا ڈالی، فن ایلن نے 62 گیندوں پر 137 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،ٹم سیفرٹ نے 31 اور گلین فلپس نے 19 رنز کھاتے میں ڈالے، ڈیون کانوے نے 7، ڈیرل مچل نے 8، مارک چیپمین نے 1 اور کپتان مچل سینٹنر نے 4 رنز سکور کیے جبکہ میٹ ہینری 1 اور ایش سوڈی 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں 60 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام ہوئے، 23 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم 58 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بھی قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔
قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 10، محمد رضوان 24، فخر زمان 19 اور اعظم خان 10 رنز ہی بنا پائے، افتخار احمد نے ایک اور محمد نواز نے 28 رنز سکور کیے، کپتان شاہین آفریدی 16 اور محمد وسیم جونیئر 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کیویز نے پانچ میچز کی سیریز میں تین مسلسل فتوحات سمیٹ کر پانچ میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔
واضح رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو تین صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔