تربت، پیپلز پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی کے گھر پر دستی بم حملہ

 

تربت (اُمت نیوز)بلوچستان کے علاقے تربت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی میر اصغر رند کی رہائش گاہ پر دستی بم سے دھماکا ہوا جس سے گھر کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں میر اصغر رند کا بھائی زخمی ہوا ہے جبکہ دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکریٹری روزی خان کاکڑ اورسیکریٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے تربت میں پارٹی کے امیدوار وسابق صوبائی وزیر میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم حملے کی مذمت کی ہے۔

پی پی پی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات اٹھائیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ خیال رہے کہ میر اصغر رند سابق صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔