ڈھاکا (اُمت نیوز) آئی سی سی نے تحفے میں ملا موبائل ظاہر نہ کرنے پر بنگلا دیش کے کرکٹر ناصر حسین پر 2 سال کی پابندی عائد کر دی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ناصر حسین پر پابندی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی ہے جس کے مطابق بنگلادیشی کرکٹر پر دو سال کی پابندی کے ساتھ 6 ماہ کی معطل سزا شامل ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ناصر حسین نے کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی تسلیم کی ہے، بنگلادیشی کرکٹر ناصر حسین معطلی کی سزا کی شرائط پر مطمئن کرنے پر 7 اپریل 2025ء سے کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے مطابق ناصر حسین کیخلاف پہلا الزام یہ تھا کہ وہ ’اینٹی کرپشن کے آفیشل کو فوری طور پر آئی فون 12 کی رسید پیش کرنے میں ناکام رہے جو انہیں تحفے میں ملا تھا، اس فون کی قیمت 750 ڈالر سے زیادہ تھی۔
ناصر حسین پر ایک الزام یہ بھی تھا کہ وہ اس تحفے کیلئے کیے گئے رابطے یا دعوت نامے کے بارے میں انسداد بدعنوانی کے آفیشل کو آگاہ کرنے اور متعلقہ حکام سے معاملے کی تحقیقات کے عمل میں تعاون کرنے میں ناکام رہے یا انہوں نے اس سے انکار کیا ہے۔
ناصر حسین نے بنگلا دیش کیلئے 19 ٹیسٹ، 65 ون ڈے اور 31 ٹی 20 کھیلے ہیں جبکہ انہوں نے آخری انٹرنیشنل میچ جنوری 2018ء میں کھیلا تھا۔