اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ انتخابات کی سخت مانیٹرنگ ہوگی، الیکشن مقررہ تاریخ کو ہی ہوں گے، پولنگ اسٹاف کی کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
عام انتخابات میں سکیورٹی صورتحال کے جائزے سے متعلق اہم اجلاس ہوا،چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزارت داخلہ سمیت وفاق اور چاروں صوبوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں ،پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، دوران بریفنگ کہا گیاکہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے،انتخابات کے انعقاد کیلیے تمام انتظامات مکمل ہیں،ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلیے تیاری مکمل ہے۔