اسلام آباد: پاکستان نے ایران کے فضائی حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تہران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایران واقعے پر ردعمل میں اپنے سفیر کو واپس بلا لیا جبکہ ایران کے پاکستان میں سفیر، جو اس وقت ایران ہی میں ہیں، ان کو پاکستان نہ آنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت اور ایرانی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہوگئیں، پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں، یہ اور بھی تشویشناک بات ہے کہ یہ غیر قانونی عمل پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز کےموجود ہونے کے باوجود ہوا ہے۔