بدین، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خون چوسنے والے شیر کا تیر سے شکار کریں گے، چوتھی بار وزیر اعظم نہیں بننے دیں گے۔
بدین میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک شخص کے پاس نظریہ ہے نہ منشور، سازشوں کی طاقت پر یقین رکھنے والا چوتھی بار وزیر اعظم بننا چاہتا ہے، ہمیں غریب کی اور اُس شخص کو چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے کی فکر ہے، جب بھی اس شخص کو مسلط کیا گیا، نقصان عوام کا ہوا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک بھر میں جدوجہد کررہی ہے، ووٹ دیں تاکہ تیر کی حکومت بنے آپ کی حکومت بنے، عوامی حکومت قائم ہوتا کہ ہم آپ کے مسائل کا حل نکال سکیں، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن مہم چلارہی ہے، وزیراعظم کے لیے میں پارٹی کا امیدوار ہوں، اپنا منشورلے کر ہر صوبے کے عوام کے پاس جارہا ہوں، اپنا منشور اور نظریہ عوام کو پیش کررہا ہوں، جو چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہ رہا ہے، اس کے پاس منشور نہیں، وہ نہ انتخابی مہم چلارہا ہے نہ ووٹ مانگ رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ ہم عوام کی طاقت اور وہ صاحب سازشوں پر یقین رکھتے ہیں، آپ نے مجھےموقع دیا تو 10نکاتی معاشی معاہدے پر عمل کروں گا، پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، یہ شخص جب بھی آپ پر مسلط کیا گیا، نقصان آپ کا ہوا، ہمیں عوام کی فکرہے، اس کو چوتھی بار وزیراعظم بننے کی، یہ وہ شیر ہے جوعوام کا خون چوستا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور تیر کا مقابلہ مسلم لیگ ن اور شیر سے ہے، ہم شیر کا شکار کریں گے، چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے، کس خوشی میں ہم اس کو چوتھی بار تسلیم کریں، میں وزیر اعظم بنا تو آپ کی تنخواہ دگنی کرکے دکھاؤں گا، وزیراعظم بنا تو غربت، بے روزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کروں گا۔