امریکا کی پاکستان پر ایران کی جانب سے حملے کی مذمت

واشنگٹن(اُمت نیوز)امریکا نے ایران کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران نے چند روز کے اندر تین ہمسایہ خودمختار ممالک کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان، شام اور عراق میں ہونے والے حملوں کی امریکا شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے بلوچستان کے علاقے میں میزائل حملہ کیا گیا ہے، پاکستان نے اس حملے کو شرانگیزی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کردیے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو پاکستان واپس بلا لیا جبکہ ایران میں موجود ایرانی سفیر کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے میں دو بچے جاں بحق جبکہ تین بچیاں زخمی ہوئی ہیں۔