ممبئی (اُمت نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی پر ان کے سابق کاروباری شراکت داروں نے ہتک عزت کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم ایس دھونی نے چند روز قبل دونوں پارٹنرز مہر دیواکر اور سومیا داس کیخلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرایا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کے معاہدے کا احترام نہ کر کے تقریباً 16 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
ایم ایس دھونی کے وکیل کا کہنا تھا کہ 2017ء میں دونوں پارٹنرز نے کرکٹر کے نام پر بھارت اور بیرون ملک کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کیلئے رابطہ کیا، معاہدے کے مطابق دھونی کو پوری فرنچائز فیس وصول کرنی تھی اور منافع کرکٹر اور شراکت داروں کے درمیان 70:30 کی بنیاد پر تقسیم ہونا تھا لیکن ملزمان نے دھونی کو بتائے بغیر اکیڈمیاں قائم کرنا شروع کر دیں اور انہیں کوئی ادائیگی نہیں کی۔
سابق بھارتی کپتان کے مقدمے کے جواب میں سابق کاروباری شراکت داروں نے بھی ایم ایس دھونی پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے، مہر دیواکر اور سومیا داس نے سابق بھارتی کپتان کیخلاف مستقل حکم امتناعی اور ہرجانے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، ایم ایس دھونی کیخلاف ہتک عزت کی درخواست آج 18 جنوری کو جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ کے بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر ہے۔
درخواست میں سابق کاروباری پارٹنر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ دھونی کو مبینہ طور پر ان سے 15 کروڑ روپے کے غیر قانونی منافع اور 2017ء کے معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق لگائے گئے جھوٹے الزامات سے متعلق ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے۔