لاہور (اُمت نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب حکومت اور کینیڈا کے درمیان افرادی قوت کو کینیڈا بھجوانے کے حوالے سے مجوزہ معاہدے پر بات چیت کی گئی ، ملاقات میں تحفظ ماحول خصوصاً سموگ سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن نے سموگ میں کمی کیلئے لاہور میں مصنوعی بارش کے تجربے کو خوش آئند قرار دیا۔
ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن نے وزیراعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کے دوران انہیں دورہ کینیڈا کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا،باہمی رابطوں اور وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے مختصر عرصے میں متعدد شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے، پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا میں بہترین دوستانہ تعلقات ہیں، تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو روزگار کے لئے کینیڈا بھجوایا جائے گا، رواں ماہ پنجاب حکومت کا وفد کینیڈا جا کر معاہدے پر دستخط کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ معاہدے سے پاکستانی نوجوانوں کو باعزت روزگار اور پاک کینیڈا تعلقات کو نئی جہت ملے گی ، ہماری پوری ٹیم نے مختصر عرصے میں مل کر ڈلیور کیا ہے ، خصوصاً 114 بڑے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، بیشتر ہسپتالوں کی حالت انتہائی خراب تھی جو اب یکسر تبدیل ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو ڈیڈلائن سے پہلے مکمل کیا تاکہ عوام منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں، سموگ سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار منصوعی بارش برسائی گئی، پنجاب میں 26 ہزار الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشے آسان شرائط پر بلا سود دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری سطح پر پٹرول بائیکس خریدنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،لاہور میں پہلی بار 5 اینٹی سموگ ٹاورز لگائیں جا رہے ہیں، پہلا اینٹی سموگ ٹاور فروری کے آغاز نصب کرنے کا پروگرام بنایا ہے،ہر وہ اقدام اٹھا رہے ہیں جس سے سموگ میں کمی ہو ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کئی کئی برس سے زیرالتوا منصوبوں کو معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کرایا ،پنجاب حکومت کے تمام تر اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنا ہے ، دورہ کینیڈا دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔