کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی بھر کی شاہراہوں سے سائن بورڈز، ہورڈنگز، فلائی اوورز اور پیڈیسٹیرین برجز سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے جبکہ انتظامیہ کو تصاویر آویزاں کرنے والے سیاس رہنماؤں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو شہر میں عوامی مقامات پر بل بورڈز،ہورڈنگز پر پابندی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ندیم اختر نے کے ایم سی اور کنٹونمنٹس وکلا سے مکالمہ میں کہا کہ اس شہر کو جنگل مت بنائیں جائیں جاکر اپنی ذمے داری پوری کریں۔
کنٹونمنٹ کے وکیل نے مؤقف دیا کہ ہم کارروائی کررہے ہیں ان میں کچھ رکاوٹیں آرہی ہیں۔عدالت نے اس مؤقف پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر کام نہیں کرسکتے تو بند کردیں کنٹونمنٹ۔
عدالت نے کراچی بھر سے سائن بورڈز، ہورڈنگز، فلائی اوورز اور پیڈیسٹیرین برجز سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے کا حکم دیدیا۔
جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز پر جس سیاسی رہنما کی تصویریں ہوں اس کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن اور شہری انتظامیہ کو تصاویر آویزاں کرنے والے سیاسی رہنماؤں کیخلاف کارروائی کرنے کا بھی حکم دیدیا۔