آج پہلی بارشیرنظرآیا،کل شیرکا مقابلہ کرنے پنجاب جاؤں گا،بلاول بھٹو

دادو: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دادو میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دادو نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا، 2018ء میں دادو آیا تھا آپ نے تمام سیٹیں پیپلزپارٹی کوجتوانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن تیر اور شیر کے درمیان ہے، یہ شیر عوام، کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کا خون چوستا ہے، ہم ملکر اس شیر کا شکار کریں گے‘ یہ کیسا شیر ہے جو گھر میں چھپا ہوا ہے اور اپنے مخالف کو شکار بنانے کے لئے دوسروں کو بولتا ہے، یہ ایسا شیر ہے کہ دوسروں کو بول کر اپنے مخالف کے بندوں کو گرفتار کرواتا ہے، پھر جب بندوبست ہوجاتا ہے تو پھر یہ شیر نکل جاتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابات میں تیر اور شیر کا مقابلہ ہوگا، عوام مجھے بھاری اکثریت دیں اور تیر کے علاوہ کسی کو ووٹ دے کر اپنا قیمتی ووٹ ضائع نہیں کریں، عوام نے ساتھ دیا تو دنیا کی کوئی طاقت میرا راستہ نہیں روک سکتی، عوام نے پی پی کے تمام امیدواروں کو جتوانا ہے، اگر موقع دیا گیا تو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرے کو بڑھائیں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو شخص تین بار وزیراعظم بن کر ناکام ہوا تو اسے کس خوشی میں ہم چوتھی بار اپنا وزیراعظم مان لیں، ہم نہیں مانتے کہ چوتھی بار ایسے شخص کو وزیراعظم بنایا جائے، آپ بلاول کو ایک موقع دیں میں ملک کی قسمت بدل دوں گا، شیر یا کسی اور جماعت کے پاس کوئی پلان یا منصوبہ نہیں ہے۔