8فروری کو الیکشن ناگزیر،آنیوالی حکومت کا حصہ ہونگے،جہانگیر ترین

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہونا انتہائی ناگزیر ہیں ، ہم آنے والی حکومت کا حصہ ہوں گے ۔گزشتہ روز اپنے حلقے میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ الیکشن میرا نہیں خیال آگے جائیں گے،ملتان میرا حلقہ میرا فوکس ہے اس حلقے کو ہم ایسا بنائیں گے کہ لوگ دوسرے شہروں سے آکر دیکھیں گے ۔ اللہ پاک نے مجھے بہت نوازا ہے،اگر لوگوں کیلئے کام نہ کرسکا تو زندگی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ایران کے ایکشن کی مذمت کرتے ہیں۔ امید ہے دونوں ممالک گفتگو سے مسئلہ حل کرینگے۔ لاہور میں انتخابی مہم کے آغاز پر عبدالعلیم خان نے داتا دربار پر حاضری دی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے تقریباً50 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں، سندھ میں بھی اچھا مقابلہ ہوگا۔ پنجاب سے جوامیدوار ہیں وہ اپنے حلقوں سے پہلے بھی الیکشن لڑچکے، انشااللہ اگلی حکومت میں آئی پی پی مین پارٹی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے این اے117 شاہدرہ کے لوگ بھی مجھ سے محبت کریں گے۔آئی پی پی کے سینئر نائب صدراور این اے 97سےامیدوار ہمایوں اختر خان نے پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی کے ہمراہ چک نمبر 428 گ ب طوراں،چک نمبر541گ ب چکیاں والا ں سمیت حلقے کے مختلف مقامات کا دورہ، اہل علاقہ سے ملاقاتیں کیں ۔انہوں نے کہا کہ پسے ہوئے طبقات کا ہاتھ تھامیں گے ،کسانوں، نوجوانوں کیلئے ہمارے منصوبے انقلاب برپا کر یں گے۔ہمارا منشور نیک نیتی پرمبنی ،مخالفین کا صرف اپنی حالت بدلنا ہے۔