خانیوال: چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کبھی ملکی سلامتی سے نہیں کھیلا ، کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ریاست پر حملہ کر دو ؟ شہداء کی بے حرمتی کرو ؟ اپنے پولیس جوانوں پر پٹرول بم سے حملے کرو ؟ جعلی پارٹی الیکشن کراؤ ، تم نے خود اپنی جماعت ختم کی ہے ۔ خانیوال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آج انتقام اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا الزام لگائے جا رہے ہیں ، جعلی انٹرا پارٹی الیکشن کروا کر کہتے ہو کہ ہم سے نشان چھین لیا گیا ۔خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سیاست میں اچھا بُرا وقت آتا رہتا ہے، ن لیگ میدان چھوڑ کر نہیں بھاگی، لیول پلیئنگ فیلڈ مانگنے وا لے میدان میں آئیں ۔مجھے ماں کی موت کی خبر اڈیالہ جیل میں دی گئی، نہ میں نے اپنے باپ کا سر جھکنے دیا اور نہ عوام کا، عوام کا سمندر بتا رہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار ن لیگ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بھی اقتدار سے نکالا گیا تھا مگر انہوں نے تو کوئی جعلی سائفر نہیں لہرایا ، انہوں نے تو کوئی ملکی راز قوم کے سامنے نہیں رکھا – چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں دھاندلی کے ذریعے ن لیگ کو ہرایا گیا ، تاہم آج میدان میں ہمارا مقابلہ کرنے والا کوئی نہیں ہے – عوام ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے 8 فروری کو شیر پر ٹھپہ لگائیں کیونکہ نواز شریف ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا ۔