پاکستان شہزادے،شہزادیوں اورخاندانوں کیلئے نہیں بنا،سراج الحق

لاہور، چیچہ وطنی :  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے الیکشن میں 25کروڑ پاکستانیوں کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، عوام اسٹیٹس کو کے سہولت کاروں کو ووٹ نہ دے کر فرسودہ نظام سے جان چھڑائیں،ن لیگ اور پیپلز پارٹی نورا کشتی سے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، ان کی لڑائی دکھاوے کی ہے،ملک شہزادے شہزادیوں اور خاندانوں کی حکمرانی کے لیے نہیں بنا۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جمعہ کے اجتماع اور بعدازاں کارکنان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں گرشتہ 76برسوں سے وہی نظام جاری ہے جس کے خلاف اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔ بھارتی عوام سوال کرتے ہیں کہ آپ کس لیے الگ ہوئے ؟ ملک پر مافیاز کی حکمرانی ہے، یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلام نافذ نہیں ہوا۔ ہم دین کی بات کرتے ہیں تو سیکولر لابیز مذاق اڑاتی ہیں، اسلام کی دنیا میں ایک ہزار سال حکمرانی رہی، پاکستانیوں کی بڑی اکثریت ملک میں قرآن وسنت کا نظام چاہتی ہے، ان کے پاس بہترین موقع ہے کہ 8فروری کو ترازو کوووٹ دے کر اسلامی نظام کے حق میں فیصلہ دیں۔ قوم سابقہ حکمرانوں کے جعلی دعوئوں سے تنگ آچکی ہے ، ان کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ بھی نہیں، یہ اب پھر جھوٹے وعدے کررہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ محدود وسائل اور اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی نے عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں۔ ایک اسلامی ملک کے لیے یہ شرم کا مقام ہے،آئین پاکستان اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے باوجود ملک میں سودی نظام جاری رکھنے والی یہی سابقہ حکمران پارٹیاں ہیں ، جماعت اسلامی نے سود کے خلاف طویل جنگ لڑی ، اقتدار میں آکر سودی معیشت پر پابندی لگائیں گے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق آج دوپہر 1 بجے غازی آباد اڈا پہنچیں گے جہاں پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔