شدید دھند، اسلام آباد کا فلائٹ شیڈول زیادہ متاثر

اسلام آباد(اُمت نیوز)شدید دھند کی وجہ سے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا فلائٹ شیڈول زیادہ متاثر ہوا ہے جبکہ مختلف ایئر پورٹس کی 19 پروازیں منسوخ اور 6 پروازیں متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کی گئیں۔

موسم کی خرابی کی وجہ سے جمعے کو 45 پروازیں منسوخ اور 15 متبادل ایئر پورٹ پر اتاری گئی تھیں۔

رواں سال کے پہلے 20 دن میں موسم کی خرابی کے باعث 535 پروازیں منسوخ جبکہ 125 سے زائد متبادل ایئر پورٹ پر لینڈ کرائی جا چکی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے پی کے 134 اور دمام سے اسلام آباد کی پرواز پی ایف 747 کو ری روٹ کر کے کراچی اتارا گیا۔

پی آئی اے کی شارجہ سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 182، ابوظہبی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 162 اور جدہ سے ملتان کی پرواز پی کے 840 کو لاہور ایئر پورٹ میں لینڈ کرایا گیا جبکہ دبئی سے لاہور کی پرواز پی کے 204 کو اسلام آباد میں اتارا گیا۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے گلگت، اسکردو کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 451، 452 اور اسلام آباد سے کراچی کی پروازیں ای آر 502، 503 کو منسوخ کر دیا گیا۔

سیالکوٹ سے بحرین، دبئی کی 4 غیر ملکی پروازیں جی ایف 772، 773، ای کے 618، 619، لاہور سے جدہ سعودی ایئر لائن کی پروازیں ایس وی 738 739 بھی منسوخ کی گئیں۔

لاہور سے کراچی کی ای آر 523، کراچی سے پشاور کی ای آر 554، 551 اور سکھر سے پی کے 536 537، نجی ایئر لائن کی ملتان سے جدہ کی پرواز پی اے 871 بھی منسوخ کر دی گئی۔

لاہور سے جدہ، دبئی، نجف، کراچی اور ریاض کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی جبکہ دوحہ، دبئی، جدہ، بحرین اور ارومکی کی پروازیں اسلام آباد سے وقت پر اڑان نہ بھر سکیں۔