کراچی : نوجوان کے اغوا میں ملوث کسٹم افسرسمیت3ملزم گرفتار

کراچی: اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نےکراچی سے نوجوان کے اغوا میں ملوث کسٹم افسر سمیت تین ملزمان گرفتار کرلیا ہے،ملزمان نے مغوی کےاہل خانہ سے کرپٹو کرنسی کی شکل میں پچاس ہزار ڈالر تاوان مانگا تھا۔ایس ایس پی ظفر صدیق چھانگا نے کہا کہ گرفتار اغواکاروں میں راشد، زبیر اور عبدالفتح شامل ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ مغوی کے موبائل فون سے اس کے گھروالوں سے کرپٹو کرنسی کے ذریعے 50ہزارڈالرتاوان طلب کیا جوکہ پاکستانی کرنسی میں ڈیڑھ کروڑ روپے بنتے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں مغوی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی،گرفتارملزمان نے مغوی کے اہلخانہ پردباؤ ڈالنے کے لیے مغوی پرتشدد بھی کیا اور ویڈیو بنا کراہلخانہ کو واٹس ایپ بھی کی۔

انھوں نے بتایا کہ نوجوان وجاہت کے اغوا کا مقدمہ الزام نمبر23/417 بریگیڈ تھانے میں درج ہونے کے بعد تفتیش اے وی سی سی کو منتقل کی گئی جس کے بعد اغوا کاروں نے پولیس سمیت حساس اداروں کے حرکت میں آنے کے بعد 5 دسمبرکو مغوی نوجوان کورہا کردیا اورخود روپوش ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملزم عبدالفتح کلکٹریٹ آف کسٹم خضدارمیں انسپکٹر ہے۔ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق ملزمان نے بریگیڈ تھانےکی حدود سے وجاہت ندیم کو اغوا کیا تھا،ملزمان سرکاری نمبر پلیٹ لگی کارمیں اغواکے لیے آئے تھے۔