پاکستان میں 2 کروڑ62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں،وزارت تعلیم

اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 2کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔رپورٹ 2021-2022 کے ڈیٹا پر تیار کی گئی ہے جوآج پیر کوجاری ہوگی۔رپورٹ کے مندرجات کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ سندھ میں 76لاکھ 30 ہزار، خیبرپختونخوا میں 36 لاکھ 30 ہزار اور بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 لاکھ بچے اسکول نہیں جا رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 39 فیصد بچے مختلف وجوہات کی بنا پر اسکول نہیں جا رہے جبکہ سب سے زیادہ بلوچستان میں 65 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، بلوچستان کی نسبت خیبر پختونخوا کا تعلیمی معیاربہتر ہے۔ خیبرپختونخوا میں 30 فیصد بچے سکول نہیں جا رہے۔

وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ کے مطابق 2016 اور 2017 میں 44 فیصد بچے اسکولوں سے باہر تھے جبکہ 2021 اور 2022 میں 39 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں۔انٹر کی سطح پر دیکھا جائے تو 60 فیصد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں جبکہ میٹرک، مڈل اور پرائمری سطح پر 44 فیصد، 30 فیصد اور 36 فیصد بچے اسکول نہیں جا رہے ہیں۔