فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدراور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا ہم نے کہا تھا آرمی چیف کی تعیناتی پر راولپنڈی میں انسانوں کا سیلاب لے آئو؟ کیا پنجاب اور کے پی کے حکومت ہمارے کہنے پر توڑی؟ لانگ مارچ ، شارٹ مارچ ، دھرنا ، احتجاج کس کے کہنے پر کرتے رہے؟
اتوار کو فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا ء اﷲ نے کہا انتظار کرنے پر کارکنوں سے معذرت خواہ ہوں، یہ اجلاس ن لیگ کی انتخابی مہم میں بنیادی کردار ادا کرے گا، جلسے کے انتظام پر جمعیت اہلحدیث کا شکر گزار ہوں، ن لیگ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ چودھری شیر علی کی مخالفت میں دیرینہ ساتھی خواجہ اسلام کے گھر پہنچ گئے۔ ملاقات میں گلے شکوے دور کرتے ہوئے عام انتخابات میں پارٹی کو کامیاب کروانے پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا رانا ثناء اللہ نے طلال چودھری کے ہمراہ نواب شیر وسیر کے انتخابی دفتر کا افتتاح کردیا۔